ولی صفت عالم ربانی جناب مولانا شمشاد رحمانی کے نائب امیر شریعت منتخب ہونے پر مبارکباد

64

ولی صفت عالم ربانی جناب مولانا شمشاد رحمانی کے نائب امیر شریعت منتخب ہونے پر مبارکباد

عالم ربانی جناب مولانا
شمشاد عالم صاحب رحمانی، استادتفسیروادب دارالعلوم وقف دیوبند یوپی، کو نائب امیر شریعت،(بہار و اڑیسہ جھارکھنڈ )منتخب کئے جانے پر ہم اہالیان پورنیہ کمشنری خوشی ومسرت سے لبریز اور شاداں وفرحاں ہیں۔آپ کا تعلق ضلع ارریہ کے مردم خیز گاؤں "جھوا” سے ہے۔آپ کا گھرانہ دینی وعلمی گھرانہ ہے۔تزکیہ واصلاح میں پورے خانوادہ کا تعلق خانقاہ رحمانی مونگیر سے ہے۔امارت شرعیہ سے آنجباب کو والہانہ اور جذباتی لگاؤ ماقبل سے ہے۔ ہرموقع پرامارت کی بہترین ترجمانی کا حق بھی ادا کرتے رہے ہیں۔آپ علم وعمل صلاحیت وصالحیت کے جامع شخصیت ہیں۔دینی وعلمی کام سے آپ کی مضبوط وابستگی رہی ہے۔ آج باضابطہ نائب امیر شریعت منتخب کئے جانے پر ہر طرف خوشی کی لہر ہے،بالخصوص پورنیہ کمشنری کو آنجباب سے بڑی امیدیں وابستہ ہیں، امیدہےکہ علمی وفکری، دینی وشرعی مکمل نمائندگی کا آپ حق ادا کریں گے، اور اس پسماندہ علاقے کو آپ سے بڑا نفع اور فیض پہونچے گا” ان شاءاللہ العزیز” ۔ اس مبارک موقع پر تنظیم ابنائے ندوہ پورنیہ کمشنری،امیر شریعت مفکراسلام حضرت مولانا ولی رحمانی صاحب مدظلہ العالی کے اس حسن انتخاب پر ممنون ومشکور ہے،اور دعا گو بھی کہ باری تعالی حضرت والا کا سایہ تادیر ہم بدنصیبوں پر قائم رکھےاورجناب والاکوشفائے کاملہ عاجلہ مستمرہ دائمہ نصیب فرمائے، آمین اورنومنتخب نائب امیر شریعت جناب حضرت مولانا شمشاد عالم صاحب رحمانی زید مجدہ العالی کو تنظیم صمیم قلب سے مبارکباد پیش کرتی ہے اور نیک خواہشات کا اظہار کرتی ہے۔ساتھ ہی یہ دعا بھی ہے کہ باری تعالی آنجناب کے افادہ کو عام وتام فرمائے اور اس انتخاب کوقبولیت سے نواز دے، آمین
ہمایوں اقبال ندوی
جنرل سکریٹری،پورنیہ کمشنری تنظیم ابنائے ندوہ ریاست بہار
بتاریخ 31/مارچ2021ء