حفاظت کے لئے چند مسنون دعائیں

93

عالم انسانیت اس وقت مختلف النوع مسائل سے گھرا ہوا ہے۔قومی و بین الاقوامی طور پر خوف وہراس کا ماحول ہے،چند سیاسی لوگوں کی گھٹیا سیاست نے انسانیت پر یلغار بول رکھی ہے، ہم نے اپنے مسائل کو حل کرنے مناسب تدبیر اختیار کر نے اور خدا تعالیٰ سے لو لگانے کی طرف توجہ نہیں دی، جس کے پیش نظر مصیبتیں ٹلنے کا نام نہیں لے رہی ہیں۔ ان حالات میں ضرور ی ہے کہ دن میں ظالم وجابر طاقتوں سے نمٹنے کی کوششں کی جائے اور رات میں قادر و قہار کے سامنے جبیں نیاز خم کی جائے، رحمۃ للعالمین صلی اللہ علیہ وسلم نے اپنی امت کو تکلیفوں اور مضرتون سے بچانے کی بہت سی دعائیں سکھلائی ہے، اگر اخلاق کے ساتھ ان دعاؤں کا معمول بنایا جائے تو یہ ہمارے حق میں حفاظت کا قلعہ ثابت ہوں گی۔ اسی مقصد کے تحت یہاں مختلف قسم کی مصیبتوں سے حفاظت کی چند جامع دعائیں پیش کی جارہی ہیں۔
اللہ کے عذاب سے نجات
مصیبت کا ایک سبب اللہ تعالیٰ کا عذاب ہے، اور اللہ کے عذاب سے بچنے کا قرآنی نسخہ یہ ہے کہ اپنے گناہوں پر استغفار کیا جائے ، اللہ تعالیٰ دو صورتوں میں اپنے بندوں کو عذاب نہیں دیتا۔

پہلی صورت یہ کہ نبی امت میں موجود ہو، دوسری صورت یہ کہ امت استغفار میں مشغول ہو، اپنے نبی سے مخاطب ہو کر اللہ تعالیٰ ارشاد فرماتے ہیں: اور اللہ ایسا نہیں ہے کہ ان کو اس حالت میں عذاب دے جب تم ان کے درمیان موجود ہو، اور اللہ اس حالت میں بھی ان کو عذاب دینے والا نہیں ہے جب وہ استغفار کرتے ہوں( الانفال)
حضرت ابو موسیٰ رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نےفرمایا کہ اللہ تعالیٰ نے مجھ پر میری امت کے لیے دو امن اتارے،
(١) اللہ تعالیٰ ایسا نہیں کرے گا کہ انہیں آپ کے رہتے ہوئے عذاب دے۔
(٢) اللہ انہیں عذاب نہیں دے گا جب تک وہ استغفار کرتے رہیں گے۔ پس جب میں دنیا سے چلا جاؤں گا تو ان میں استغفار کو قیامت تک کے لیے چھوڑ جاؤں گا (ترمذی)
ہر چیز سے حفاظت کی دعا
ہمیں صبح وشام تین تین مرتبہ اس مختصر اور جامع دعا کا بھی معمول بنا لینا چاہیے، حضرت عثمان بن عفان رضی اللہ عنہ نے فرمایا کہ میں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو فرماتے ہوئے سنا ہے کہ جس نے تین مرتبہ یہ دعا پڑھی
بِسْمِ الله الّذِي لا يَضُرّ مَعَ اسْمِهِ شَيْءٌ في الأرْضِ وَلا في السّمَاءِ وَهُوَ السّمِيعُ العَلِيمُ.
(ترجمہ) اللہ کے نام کے ساتھ شروع کرتا ہو جس کے نام کی برکت سے زمین و آسماں کی کوئی چیز نقصان نہیں پہنچا سکتی اور وہی سننے والا جاننے والا ہے۔
اسے کوئی ناگہانی مصیبت نہیں پہونچے گی صبح تک اور جس نے یہ کلمات کو تین بار صبح میں کہے تو شام تک اس کو کوئی ناگہانی مصیبت نہیں پہونچے گی۔(ابوداؤد)
شرسے حفاظت کی دعا

کنز العمال میں ہے کہ جو شخص اپنے گھر سے سفر وغیرہ کے ارادے سے نکلے اور نکلتے وقت کہے۔
 بِسْمِ اللّٰہِ تَوَکَّلْتُ عَلَی اللّٰہِ وَلاَ حَوْلَ وَلاَ قُوَّۃَ اِلاَّ بِاللّٰہِ
(ترجمہ) اللہ کے نام سے نکلتا ہوں میں نے اللہ پر بھروسہ کیا اللہ کے بغیر کسی شر سے حفاظت نہیں اور اللہ کے بغیر کسی چیز طاقت نہیں، تو اس نکلنے میں ان کو خیر ملے گی اور اس کے نکلنے کے بعد اس کی شر سے حفاظت ہوگی۔(کنزالعمال)
ہر مخلوق کی شرسے حفاظت کی دعا
ابوداؤد شریف کی روایت ہے ابو صالح کہتے ہیں کہ میں نے قبیلہ اسلم کے ایک شخص کو یہ کہتے ہوئے سنا کہ میں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے پاس بیٹھا ہوا تھا اتنے میں آپ کے اصحاب میں سے ایک شخص آیا اور اس نے عرض کیا: اے اللہ کے رسول آج رات مجھے کسی چیز نے کاٹ لیا جس کے سبب میں رات بھر نہیں سویا یہاں تک کہ صبح ہو گیی۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: کس چیز نے؟ اس نے عرض کیا بچھو نے، آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: سنو اگر تم شام کو یہ دعا پڑھ لیتے۔
أَعُوذُ بِكَلِمَاتِ اللهِ التَّامات مِنْ شَرِّ مَا خَلَقَ،
(ترجمہ) میں اللہ کے تمام کلمات کی پناہ مانگتا ہوں اس چیز کی شر سے جو اس نے پیدا کی ہے۔
تو تجھے کچھ نقصان نہیں پہنچتا(ابوداؤد)
ہر مرض سے حفاظت کی دعا
ہمارا ایمان ہے کہ مرض ہو یا شفا سب اللہ تعالیٰ کی طرف سے ہے، اس لیے علاج کے ساتھ ساتھ بیماری سے حفاظت کے لئے بھی اللہ تعالیٰ کے حضور دعا گو بھی ہونا چاہیے۔ حضرت انس بن مالک رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم یہ دعا فرمایا کرتے تھے۔
اللَّهمَّ إنِّي أعوذُ بِكَ منَ البرصِ والجنونِ والجذامِ ومن سيِّئِ الأسقامِ۔
(ترجمہ) اے اللہ میں تجھ سے پناہ چاہتا ہوں برص کی بیماری سے، پاگل پن سے، کوڑہ سے اور ہر طرح کی بری بیماریوں سے۔(ابوداؤد)
جسمانی صحت کے لئے دعا
جسمانی صحت ایک عظیم ترین نعمت خداوندی ہے، پرہیز اور علاج کے ساتھ ساتھ مسلمان کا وطیرہ ہے، کہ وہ اللہ تعالیٰ سے جسمانی صحت اور عافیت کا سوال بھی کرے، حضرت عبد الرحمن ابی بکرہ نے اپنے والد حضرت ابو بکرہ رضی اللہ عنہ سے کہا اے ابا جان میں آپ کو ہر صبح یہ دعا کرتے سنتا ہوں۔
اللَّهُمَّ عَافِنِي في بَدَني، اللَّهُمَّ عافِني في سَمْعي، اللَّهُمَّ عافِنِي في بَصَري، لا إله إلاَّ أنت۔
(ترجمہ) اے اللہ میرے بدن میں عافیت عطا فرما، میری سماعت میں عافیت عطا فرما، میری بصارت میں عافیت عطا فرما، آپ کے علاوہ کوئی معبود نہیں۔
اور آپ تین مرتبہ اسے لوٹاکر پڑھتے ہیں صبح کے وقت اور تین بار شام کے وقت؟
جضرت ابوبکرہ رضی اللہ عنہ نے فرمایا: بیشک میں نے یہ دعا رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو پڑھتے ہوئے سنا ہے، اس لیے مجھے یہ پسند ہے کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے طریقے اور سنت پر چلوں۔(ابوداؤد)
مصیبت سے حفاظت کی دعا
آج کل ایک مرض یہ ہے کسی کو کسی مرض میں مبتلا دیکھ کر بھی اللہ تعالیٰ کے حضور متوجہ نہیں ہوتے، اگر چاہتے ہیں کہ وہ مصیبت ہم تک نہ پہنچے تو درج ذیل دعا کا اہتمام کریں۔
حضرت ابو ھریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے، رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: جو شخص کسی کو مصیب میں مبتلا دیکھ کر یہ دعا پڑھے،
 ﺍﻟْﺤَﻤْﺪُ ﻟِﻠَّﻪِ ﺍﻟَّﺬِﯼ ﻋَﺎﻓَﺎﻧِﯽ ﻣِﻤَّﺎ ﺍﺑْﺘَﻠَﺎﮎَ ﺑِﻪِ ﻭَﻓَﻀَّﻠَﻨِﯽ ﻋَﻠَﯽ ﮐَﺜِﯿﺮٍ ﻣِﻤَّﻦْ ﺧَﻠَﻖَ ﺗَﻔْﻀِﯿﻠًﺎ۔ وہ اس مصیبت سے محفوظ رہے گا(ترمذی)
دجال کے فتنے سے حفاظت
یہ قرب قیامت کا زمانہ ہے، اس لیے دجال کے فتنے سے حفاظت کی دعا ؤں کا بھی اہتمام ہونا چاہیئے۔حضرت ابودرداء رضی اللہ عنہ سے روایت ہے حضرت بنی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: جو آدمی سورہ کہف کی ابتدائی دس آیتیں یاد کرے گا وہ دجال کے فتنے سے محفوظ رہے گا (مسلم).