بی جے پی اور آر ایس ایس جمہوریت کو تباہ کر رہے ہیں : اشوک گہلوت

30

23 جنوری 2020
راجستھان کے وزیر اعلیٰ اور سینئر کانگریس لیڈر اشوک گہلوت نے کہا ہے کہ بی جے پی اور آر ایس ایس کی غلط پالیسیوں اور انتظامی اقدامات کے ذریعے جمہوریت کو تباہ کر رہے ہیں۔ گہلوت یہاں پارٹی کے ریاستی دفتر پر اندرا بھون میں کیرالہ پردیش کانگریس کمیٹی کے عہدیداران سے خطاب کر رہے تھے۔

گہلوت نے مرکزی ایجنسیوں پر نشانہ لگایا اور کہا کہ یہ ایجنسیاں اپنے سیاسی آقاؤں کی دُھن پر ناچ رہی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ بی جے پی ملک بھر میں کانگریس کی اہم حریف ہے اور بی جے پی کی ’کانگریس مکت بھارت‘ جیسی ذہنیت کی کسی بھی قیمت پر مخالفت کرنی ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ بی جے پی اور آر ایس ایس ریاستی حکومتوں کو غیر مستحکم کرنے کی کوشش کر رہی ہیں۔ اس طریقہ کار سے وہ جمہوریت اور آزادی کے جذبہ کو تباہ کرنے کی کوشش کر رہی ہیں۔ گہلوت نے امید ظاہر کی کہ کیرالہ میں کانگریس کی قیادت والا یو ڈی ایف اقتدار میں واپسی کرے گا۔

اس موقع پر بولتے ہوئے اے آئی سی سی کے جنرل سکریٹری (تنظیم) کے سی وینو گوپال نے کہا کہ کانگریس کیرالہ اسمبلی انتخابات میں قابلیت کی بنیاد پر امیدواروں کو میدان میں اتارے گی اور اس میں کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ جیتنا اہم اور واحد مقصد ہے کیونکہ فیصلہ کن انتخابات میں ذاتی پسند – ناپسند کوئی معنی نہیں رکھتا۔