جمعیۃ علماء ہند نے ضلع جیل میں قیدیوں کو تقسیم کئے کمبل

27

آج یہاں ضلع سہارنپور کے اندر جمعیہ علماء ہند ضلع سہارنپور کے ایک وفد نے جیل انتظامیہ سے ملاقات کرکے ضلع جیل میں قید و بند کی زندگی گذار رہے قیدیوں کے لئے کمبل تقسیم کا ایک پروگرام منعقد کیا ۔

وفد کی نمائندگی کر رہے جمعیۃ علماء ضلع سہارنپور کے صدر مولانا سید حبیب اللہ مدنی نے بتایا کہ جمعیت علمائے ہند ہر سال موسم سرما میں غرباء و مساکین اور مختلف جیلوں میں بند قیدیوں کو سردی سے بچانے کے لیے کمبل تقسیم کرتی ہے اس سال بھی حضرت مولانا سید ارشد مدنی صاحب مدظلہ العالی صدر جمعیت علمائے ہند کے حکم سے ضلع جیل سہارنپور میں غریب اور کمزور قیدیوں کے لئے کمبل تقسیم کئے جارہے ہیں ۔

مولانا مدنی نے کہا جمعیت علمائے ہند کا مقصد بغیر کسی بھید بھاؤ کے ہر ضرورت مند کی مدد کرنا ہےاور ہمیشہ اسی پر عمل کرتے ہوئے جمعیت علمائے ہند انسانی فلاح و بہبود کے لئے اس طرح کی تمام رفاہی خدمات انجام دیتی ہے مولانا مدنی نے مزید کہا کہ قیدی بھی کیونکہ انسان ہوتے ہیں اور اس کڑاکے کی سردی میں قیدی لوگ سردی سے بچنے کے لئے آزادی کے ساتھ انتظام نہیں کرسکتے ہیں کیونکہ جیل میں ایک بڑی تعداد ایسے لوگوں کی ہے جن کی معاشی حالت بہتر نہیں ہے اس لیے قائد ملت حضرت مولانا سید ارشد مدنی صاحب ان لوگوں کے درد کو محسوس کرتے ہوئے ہر سال قیدیوں کے لئے بغیر کسی بھید بھاؤ کے محض انسانی ہمدردی میں ملک کی مختلف جیلوں میں کمبل تقسیم کراتے ہیں ۔

اس موقع پر جیل سپرنٹینڈنٹ وریش راج شرما نے صدر جمعیۃ علماء ہند مولانا سیدارشد مدنی صاحب کی خدمات کی تعریف کی اور اس تعاون پر ان کا دل کی گہرائیوں سے شکریہ ادا کیا۔

معلوم ہو کہ اس وفد میں ضلع صدر مولانا سید حبیب اللہ مدنی صاحب کے ساتھ مولانا ساجد کاشفی جنرل سیکریٹری جمعیۃ علماء شہر سہارنپور ، حاجی شاہد زبیری نایب صدر جمعیۃ علماء ضلع سہارنپور ، جناب بھائی صفی اللہ اجمیری ، مولانا آصف صاحب صدر جمعیۃ علماء تحصیل بہٹ و ناظم جامعہ کاشف العلوم چھٹملپور،مولانا احسان تحسین قاسمی آفس سکریٹری جمعیۃ علماء ضلع سہارنپور، جناب بھائی شہزاد ملک گنگوہ، جناب بھائی قاسم وغیرہ نے شرکت کی ۔