امریکی سیکرٹری برائے صحت الیکس آذر تائیوان کے دورے پر ہیں، جہاں تائیوانی صدر سوسائی انگ وین سے ملاقات میں انہوں نے تائی پے کی طرف سے کورونا وائرس سے نمٹنے کے لیے حکومتی کے اقدامات کی تعریف کی۔

انہوں نے کورونا بحران کے خلاف موثر حکمت عملی کے طور پر اسے ’دنیا میں سب سے کامیاب‘ اسٹریٹیجی قرار دیا۔

امریکی وزیر صحت کے اس دورے پر چین نے کڑی تنقید کی ہے۔ بیجنگ حکومت چائنا مین لینڈ کے جنوب میں واقع تائیوان کے جزیرے کو ایک ٹوٹ کر جدا ہو جانے والے صوبے کی حیثیت سے دیکھتی ہے، جسے وہ عوامی جمہوریہ کے ساتھ دوبارہ جوڑنا چاہتی ہے۔

امریکی وزیر آذر نے کہا کہ ان کے اس دورے کا مقصد تائیوان کے ساتھ سلامتی، تجارت اور صحت کی دیکھ بھال کے شعبوں میں امریکا کی ’گہری شراکت داری‘ پر زور دینا ہے۔