تنظیم تحفظ شریعت کے زیراہتمام جدید دائمی اوقات نماز کا رسم اجراء رپورٹ:عبد الوارث مظاہری

17

تنظیم تحفظ شریعت کے زیراہتمام جدید دائمی اوقات نماز کا رسم اجراء رپورٹ:عبد الوارث مظاہری جوکی ہاٹ ارریہ
تنظیم تحفظ شریعت وویلفیئر سوسائٹی جوکی ہاٹ و پلاسی ضلع ارریہ کے زیر اہتمام تنظیم کے دفتر واقع راہی پریس بھیبڑا چوک جوکی ہاٹ میں علاقے کے سرکردہ علماء کرام کی موجودگی میں جمعیت علماء ارریہ کے انتہائی سرگرم و فعال اور مخلص و جفاکش جنرل سکریٹری مفتی محمد اطہر القاسمی کی صدارت میں جدید دائمی اوقات نماز کے رسم اجراء کی تقریب عمل میں آئی۔
پروگرام کی نظامت تنظیم کے سرگرم رکن جناب مولانا عبد السلام عادل ندوی نے کی. تلاوت قرآن کریم کے بعد احقر عبدالوارث مظاہری (جنرل سکریٹری) نے تنظیم کی جانب سے تمام مہمانان گرامی کا استقبال کرتے ہوئے جدید دائمی اوقات نماز کی اشاعت پر بےحد خوشی کا اظہار کیا اور تنظیم کے جملہ کارکنان کی کوششوں پر انہیں مبارکباد پیش کی۔ خطبہ صدارت پیش کرتے ہوئے جمعیت علماء ارریہ کے جنرل سیکرٹری مفتی محمد اطہر القاسمی نےتنظیم کی طرف سے جدید دائمی اوقات نماز کی اشاعت پر تنظیم کے تمام ذمےداران کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے فرمایا کہ جمعیت علماء ارریہ نے آج سے دوسال قبل مرکزی جامع مسجد ارریہ میں پانچ سو علماء کرام کے اجتماع سے جو کوششیں شروع کی تھی بحمد اللہ خداوندعالم نے اسے قبول فرمایا اور مدرسہ تعلیم القرآن بیلوا کی جانب سے اسی متفقہ فیصلے پر عمل کرتے ہوئے ابھی گذشتہ دنوں جدید دائمی اوقات نماز کی اشاعت کی گئی۔جس پر ایک مشاورتی نشست کے ذریعے ادارے کے مہتمم جناب ماسٹر بختیار ہاشمی صاحب کو سرکردہ علماء کرام کی ذریعے مبارکباد بھی پیش کی گئی اور وہیں یہ فیصلہ بھی لیا گیا کہ اب ساری جماعتیں،جمعیتیں اور دینی ادارے اسی ایک دائمی اوقات نماز کی اشاعت کریں گے۔ آج بحمد اللہ تحفظ شریعت جوکی ہاٹ نے اس کا آغا کردیا ہے۔
مفتی صاحب نے پروگرام میں موجود تمام علماء کرام سے اپیل کی کہ آپ حضرات بھی اپنے اپنے ادارے کی جانب سے اس بار اسی متفقہ دائمی اوقات نماز کو شائع کریں تاکہ ضلع کی ایک ایک مسجد تک جدید دائمی اوقات نماز بھی پہونچ جائے اور آپ کا بھی تعارف ہو۔
اس باوقار تقریب میں شریک قاری کاشف نسیم صاحب، قاری امتیاز احمد صاحب،مفتی اطہر حسین صاحب،قاری محمد منظور بوریا،مولانا مظفر مظاہری،حافظ قیصر،مولانا امین الدین صاحب،شاعرمولانا فیاض راہی،مولانا عادل قاسمی صاحب اور مولانا عبداللہ سالم صاحب چترویدی صاحب نے بھی اپنے اپنےخیالات کا اظہار کیا اور اسے تنظیم کی ایک گراں قدر حصول یابی قرارددیا۔
دائمی اوقات نماز کو خوبصورت و دیدہ زیب طباعت کے لئے راہی آفسٹ پریس کے ذمہ دار جناب عبدالقدوس راہی صاحب اور جناب خالد صبا صاحب کا بھی شکریہ ادا کیا گیا. پروگرام میں تنظیم کے تمام ذمہ داران کے ساتھ علاقے کی عوام و خواص کی ایک بڑی تعداد نے بھی شرکت کی.