محکمہ تعلیم نے تسلیم کی اپنی غلطی، اردو طلبا کو 26 جولائی تک فارم داخل کرنے کی دی مہلت

40

بھوپال۔ اردو طلبا کے وسیع مفاد میں بلند کی گئی نیوز ایٹین اردو کی خبر نے ایک بار پھر اپنا اثر دکھایا ہے۔ ایم پی بورڈ کے ہائی اسکول کے اردو میڈیم طلبا کو رک جانا نہیں منصوبہ سے محروم کئے جانے پر نیوز ایٹین اردو نے بیس جولائی کو خبر شائع کی تھی جس کا نتیجہ ہے کہ محکمہ تعلیم نے نیوزایٹین اردو کی خبرکو سنجیدگی سے لیتے ہوئے اردو میڈیم کے طلبا کو چھبیس جولائی تک رک جانا نہیں منصوبہ میں فارم داخل کرنے کی اجازت دیدی ہے ۔

واضح رہے کہ مدھیہ پردیش میں رک جانا نہیں منصوبہ کا آغاز آج سے پانچ سال قبل شیوراج سنگھ حکومت نے اس وقت کیا تھا جب ہائی اسکول اور ہائیر سیکنڈری کے بورڈ امتحان میں بڑی تعداد میں طلبا ناکامی کے سبب خودکشی کرلیا کرتے تھے ۔ حکومت نے ہائی اسکول اور ہائیر سیکنڈری کے امتحان میں ناکام ہونے والے طلبا کو ایک موقع فراہم کرنے کے لئے راجیہ اوپن اسکول کے ذریعہ ایک اور موقع فراہم کرنے کے لئےخاکہ تیار کیا تھااور اس کے ذریعہ دوسری زبانوں کے طلبا کے ساتھ اردو میڈیم طلبا کی ایک بڑی تعداد بھی کامیابی حاصل کرتی تھی ۔ لیکن اس سال ہائی اسکول کے بورڈ نتائج کے بعد راجیہ اوپن اسکول نے اپنی ویب سائٹ پر رک جانا نہیں اسکیم کا اعلان تو کیا لیکن اس میں اردو طلبا کے لئے کوئی جگہ نہیں رکھی گئی بلکہ اردو طلبا کو مدرسہ بورڈ سے امتحان دینے کے لئے دباؤ بنایا جانے لگا ۔ نیوز ایٹین کی خبر کے بعد راجیہ اوپن اسکول نے اپنی ویب سائٹ پر نہ صرف رک جانا نہیں منصوبہ میں اردو کو شامل کیا ہے بلکہ اردو طلبا کو چھبیس جولائی تک پورٹل کے ذریعہ فارم داخل کرنے کا حکم بھی جاری کیا ہے۔