سیمانچل میں سیلاب کا قہر، سہمے لوگ

19

ارریہ : (معراج خالد)
ندیوں میں طغیانی نے بہار میں سیلاب کی صورت حال کو انتہائی سنگین بنا دیا ہے۔ ضلع کے مسلم اکثریتی اسمبلی حلقہ جوکی ہاٹ کی حالت بیحد خراب ہے۔ سینکڑوں گاؤں میں پانی داخل ہوگیا ہے اور ہزاروں لوگ حکومت کی مدد کا انتظار کررہے ہیں۔ اسپتال، اسکول، گھر سب پانی میں ڈوبا ہوا ہے۔ کسانوں کی کھیتی برباد ہو گئی ہے۔ باہر سے لوٹے علاقے کے مزدوروں کے پاس اب دو وقت کے کھانے کا کوئی انتظام نہیں ہے۔ حکومت کی جانب سے اب تک اس علاقے میں راحت کیمپ بھی نہیں بنایا گیا ہے۔

جوکی ہاٹ اسمبلی حلقہ کے ایم ایل اے شاہ نواز عالم نے فوری طور پر انتظامیہ سے مدد کی اپیل کی،

ارریہ کے جوکی ہاٹ اور پلاسی بلاک کے سبھی گاؤں پانی میں ڈوبے ہوئے ہیں۔ نیپال میں لگاتار بارش ہونے کے سبب صورت حال مزید خراب ہوتی جارہی ہے۔ واضح رہے کہ جوکی ہاٹ سے نیپال کی دوری محض تیس کیلومیٹر کی ہے اور پہاڑوں کی دوری پچاس کیلومیٹر ہے۔ ایم آئی ایم لیڈر راشد انور کا کہنا ہیکہ نیپال کا پانی سب سے زیادہ ارریہ اور کشنگنج کو مشکل میں ڈال رہا ہے۔ سیاسی لیڈروں کے درمیان کورونا اور سیلاب کو لیکر سیاست کا بازار گرم ہے لیکن علاقہ کے لوگوں کا کہنا ہیکہ سیاست چھوڑ کر ابھی سیاسی لوگوں کو انسانیت کی خدمات کرنی چاہئے لیکن اسمبلی انتخابات کی بگل بجنے کے بعد سیاسی گلیاروں میں صرف سیاست کی گونج سنائی دے رہی ہے۔ جبکہ لوگوں کو مدد کی ضرورت ہے۔