21 ستمبر سے چلیں گی 20 جوڑی کلون ٹرینیں ، ویٹنگ ٹکٹ پر ملے گی کنفرم سیٹ

19

ہندوستانی ریلوے نے 21 ستمبر سے 20 جوڑی کلون ٹرینیں چلانے کا اعلان کیا ہے ۔ یہ ٹرینیں ان راستوں پر چلائی جائیں گی ، جہاں زیادہ مانگ کی وجہ سے بڑی تعداد میں مسافروں کے ٹکٹ ویٹنگ لسٹ میں رہ جاتے ہیں اور وہ سفر کرنے سے قاصر رہتے ہیں ۔ ریلوے نے آج کہا ہے کہ ان میں 19 جوڑی ہمسفر ٹرین کے کوچز کو استعمال کیا جائے گا ۔ ان کا کرایہ ہمسفر کوچوں کی طرح ہوگا ۔ لکھنؤ اور دہلی کے درمیان چلنے والی کلون ٹرین 04801/04252 کا کرایا جن شتابدی کے برابر ہوگا ۔
کلون ٹرین کی بکنگ 19 ستمبر سے شروع ہوگی ۔ ٹرین 21 ستمبر شروع ہوگی اور مسافرسفر سے 10 دن پہلے ٹکٹ بک کرواسکیں گے ۔ اس ٹرین کو پہلے چلنے والی 230 خصوصی ٹرینوں کے علاوہ چلایا جارہا ہے ۔ خصوصی ٹرینوں میں جہاں بڑی تعداد میں لوگوں کو کنفرم ٹکٹ نہیں مل رہے ہیں ، ان راستوں پر کلون ٹرینیں لائی جارہی ہیں۔


خصوصی ٹرین کے مقابلے کلون ٹرینوں کے اسٹاپ کم کئے گئے ہیں ۔ زیادہ تر ٹرینیں بہار اور اترپردیش سے بڑے شہروں کے لئے چلائی گئی ہیں ۔ بڑے شہروں میں دلی اور امرتسر کے لئے سب سے زیادہ کلون ٹرینیں دی گئی ہیں ۔
بیس میں سے 12 جوڑی ٹرینیں بہار کے لئے ہیں ۔ چھ جوڑی ٹرینیں دہلی سے بہار کے لئے چلائی جائیں گے ۔ یہ ٹرینیں سہرسہ، راجگیر، دربھنگہ، مظفر پور، راجیندر نگر اور کٹیہار کے لئے ہوں گی ۔ امرتسر۔ جے نگر، دانا پور۔ سکندرآباد۔ دانا پور، بینگلورو، پٹنہ۔ احمد آباد، چھپرا۔ سورت اور دربھنگہ احمد راستوں پر بھی ایک ایک جوڑی کلون ٹرین دی گئی ہے۔

اس کے علاوہ امرتسر۔ نیو جلپائی گڑی، ورانسی۔ نئی دہلی، بلیا۔ دلی، لکھنٔو۔ نئی دہلی، واسکو۔ نظام الدین، یشونت پور۔ نظام الدین ، دلی۔ احمد آباد اور باندرا راستوں پر بھی کلون چلائی جائے گی