اسلام نے عورتوں کو سارے حقوق عطا کئے اور ان کے یہ حقوق پریس ،میڈیا ، احتجاج و مظاہرے کے دبائ میں نہیں دیے گئے بلکہ اس لیے دیے گئے کہ یہ عورتوں کا حق تھا ۔ اللہ نے ان کے حقوق کا اعلان قرآن کریم میں کیا اور رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے اسلامی حکومت میں اسے نافذ کرکے عورتوں کو عزت بخشی، ماں کے مرتبے کو بلند کرتے ہوئے رسول برحق نے فرمایاکہ ماں کے قدموں کے نیچے جنت ہے۔ حضورؐ نے خواتین کی تعلیم و تربیت پر زور دیا، یہی وجہ ہے کہ مسلم خواتین نے مختلف علوم و فنون اور تعلیم و تدریس کے میدان میں نمایاں کارنامے انجام دیے ۔پروفیسر مولانا شکیل احمد قاسمی پٹنہ ،چیرمین فاران فائونڈیشن انڈیا نے پھلواری شریف پٹنہ میں خواتین کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے مذکورہ خیالات کا اظہار کیا ۔ انہوں نے مزید کہا کہ ترقی اور آزادی نسواں کے نام پر خواتین کا استحصال کیا جا رہا ہے ۔ ان کے فطری حقوق ان سے چھینے جارہے ہیں ۔ اس کی شدید ضرورت ہے کہ خواتین اسلام کا مطالعہ کریں ، اپنے حقوق سے واقف ہوں اور معیاری تعلیم ، صالح تربیت کے حصول کے بعد اپنی گھریلو ، سماجی ذمہ داریوں کو ادا کرنے کے ساتھ ملک کی دوسری خواتین کے لیے مثالی اور آئیڈیل بنیں ۔ حمیت اسلامی اور جرأت ایمانی کا موقعہ کی مناسبت سے حکیمانہ مظاہرہ کریں ، حجاب کی اہمیت اور سماج میں اس کی ضرورت سے دوسروں کو واقف کرائیں۔
پٹنہ میں خواتین کے اجتماع سے پروفیسر شکیل قاسمی کا خطاب
کیا آپ اسے بھی پڑھنا پسند کریں گے!