مولانا عبد الحمید بستوی کی اہلیہ محترمہ کاانتقال

46

مشرقی یوپی کی معروف شخصیت، جمعےة علماء اترپردیش کے سابق نائب صدر حضرت مولانا عبدالحمیدصاحب بستوی مرحوم کی اہلیہ محترمہ حجن صالحہ خاتون صاحبہ کا طویل علالت کے بعد82سال کی عمر میں 4اگست 2020صبح 10بجے مدنی منزل سمریاواں بازارضلع سنت کبیرنگر یوپی میں انتقال ہوگیا۔ اناللہ واناالیہ راجعون۔ مرحومہ انتہائی دیندار پابندشرع خاتون تھیں،فدائے ملت حضرت مولانا سیداسعدمدنی سے بیعت تھیں۔ مرحومہ کے چاروں صاحبزادے اور چاروں داماد نیک صالح ،حافظ،عالم وفاضل ہیں۔

بڑے صاحبزادے حضرت مولانا عزیراحمدعبدالحمیدالقاسمی مرحوم کو25برسوں تک مسجد نبوی مدینہ منورہ میں درس وتدریس سے وابستگی کاشرف حاصل رہا اور مسجد نبوی میں ہی بحالت نماز اللہ کے حضور حاضر ہوئے۔

دوسرے صاحبزادے حضرت مولانا زبیراحمدالقاسمی ممبئی میں مقیم ہیں،جن کے ذریعہ ملت کاایک بڑا طبقہ فیض یاب ہورہاہے۔ تیسرے صاحبزادے حافظ ریاض احمد اپنے والد مرحوم کی جانشینی کے فرائض انجام دے رہے ہیں، وہ مدرسہ تعلیم الاسلام سے وابستہ ہیں۔ چوتھے صاحبزادے مولانا سراج احمدحمیدی القاسمی فدائے ملت ایجوکیشنل سوسائٹی کے ذریعہ قوم وملت کے نونہال بچوں کو زیورتعلیم سے آراستہ وپیراستہ کرنے میں ہمہ تن مصروف ہیں۔بڑے نواسے نعمت اللہ حمیدی روزنامہ راشٹریہ سہارا سے وابستہ ہیں اور بنگلورایڈیشن کے ریسیڈنٹ ایڈیٹرکی حیثیت سے خدمات انجام دے رہے ہیں۔

بڑے پوتے غازی مسجد نبوی شریف مدینہ منورہ میں قرأت کے سنیئر استاد ہیں۔ دوسرے پوتے غازی مظفرعابدی مدینہ منورہ میں ہی ایک مسجد میں امامت کے فرائض انجام دے رہے ہیں۔

مرحومہ حجن صالحہ خاتون کو قرآن سے بے انتہاشغف تھا،دن کا بیشترحصہ تلاوت قرآن کریم میں گزرتا۔ انہوںنے اپنے چاروں بچوں کو حفظ قرآن کرایا۔ ان دلچسپی کی وجہ سے آج ان کی ذریت میں 6پوتے اور 4نواسے حافظ وعالم ہیں۔

اس موقع پر علامہ محمد عمر قاسمی ،معشوق احمد مظاہر ی ،عبد القیوم قاسمی،مجیب بستوی،وقار احمد اثری،عبد کلام سابق ایم ایل اے،افسر یو احمد، حاجی مشہور عالم چودھری،منیر الحسن چو دھری،گوہر علی خان محمد احمد، محمود احمد،محمد نظیر،مجیب الرحمٰن قاسمی، منیر احمد ندوی،غفران احمد ندوی،محمد رضوان ندوی،انظر حسین قاسمی کرہی،مہتاب احمد لڈو،حاجی شفیق احمد پردھان ،ظفیر علی،فضیل احمد ندوی،محمد سلمان عارف،وسیم خان،مصباح الدین،ریاض الحق مظاہر ی،بشیر احمد پردھان،وکیل احمد پردھا ن،ابرار احمد ،مجیب اللہ پرنسپل،شمشیر احمد مینیجر وغیرہ نے تعزیت کرتے ہوئے دعا کی اللہ تعالیٰ مرحومہ کے درجات بلندفرمائے۔ پسماندگان اور جملہ متعلقین کو صبرجمیل عطافرمائے۔یہ اطلاع ظفیر کرخی نے دی ہے۔