مدرسہ تحفیظ القران حضرت گنج لائن بازار پورنیہ میں جلسہ ء دستار بندی و استقبالیہ حجاج کرام کا انعقاد عمل میں آیا ، اس پروگرام کی صدارت قاضی شہر پورنیہ حضرت مولانا قاضی محمد ارشد صاحب اور نظامت کے فرائض مولانا اسامہ صاحب نائب مہتمم مدرسہ تحفیظ القران حضرت گنج لائن بازار پورنیہ نے انجام دیئے ،
پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے حضرت مولانا قاضی محمد ارشد صاحب نے کہا کہ حافظ قرآن کا مقام و مرتبہ بہت اعلی و ارفع ہے، قرآن کے تیسوں پاروں کو اپنے دل میں سما لینا معمولی بات نہیں، بلکہ یہ اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم کی بات ہے، جس کے ساتھ اللہ تعالیٰ فضل کا ارادہ کرتے ہیں اسی کو یہ توفیق عطا فرماتے ہیں کہ وہ اس کلام الہی کو اپنے دل میں محفوظ کر سکیں،
حضرت قاضی صاحب نے کہا کہ قرآن پاک دنیا کے تمام انسانوں کی ہدایت کے لئے ایک بہترین گائیڈ بک اور رہنما کتاب ہے، اس کو پڑھنے سے دل کو سکون و اطمینان حاصل ہوتا ہے، اس لئے قرآن پاک کی تلاوت کا معمول ہر شخص کو بنانا چاہئے.
مولانا محی الدین صاحب نے اپنے خطاب میں کہا کہ قرآن پاک کی تعلیم کو عام کرنا یہ ہماری اور آپ سبھی لوگوں کی ذمہ داری ہے، بد قسمتی سے آج لوگ اپنے بچوں کو دنیا کی ساری تعلیم دلانے کے لیے کوشاں رہتے ہیں لیکن ان کو قرآن کی تعلیم دینے کے نام پر گرانی ہوتی ہے اس سوچ کو بدلنے کی ضرورت ہے اور ہر بچہ و بچی قرآن کی تعلیم پہلے حاصل کرے اس کے لئے ذہن بنانے کی ضرورت ہے،
اور آئے ہوئے تمام حجاج کرام حج کے تعلقات سے تاثرات پیش کیے
مدرسہ تحفیظ القران حضرت گنج لائن بازار پورنیہ کے بانی و مہتمم تاج المساجد(چھوٹی مسجد) کے امام و خطیب جناب حضرت الحاج مولانا مبارک حسین صاحب مفتاحی نے کہا کہ جہاں یہ حفاظ کرام قابل مبارک باد ہیں وہیں ان کے اساتذہ بھی قابل مبارک باد ہیں کہ انھوں نے بڑی محنتیں کیں تبھی یہ نتیجہ سامنے آیا ہے، اور ساتھ میں اس مدرسہ کا تعاون کرنے والے عوام بھی قابل مبارک ہیں، اللہ تعالیٰ آپ سبھی حضرات کو اجر عظیم عطا فرمائے آمین
واضح رہے کہ مدرسہ کے دو بچوں نے قرآن مجید کا حفظ مکمل کیا تھا ایک محمدکامران بن محمد اورنگزیب صاحب رنگپورہ اور دوسرا محمد احسان ابن ڈاکٹر اکرام صاحب لائن بازار ، ان کی دستار بندی کے لئے یہ پروگرام منعقد کیا گیا تھا، عزیزم کامران سلمہ کی تلاوت سے مجلس کا آغاز ہوا بارگاہ رسالت میں عزیزم حافظ محمد عبدالربان نے نذرانہ عقیدت پیش کیا حضرت مفتی عبد القیوم صاحب کی دعا پر مجلس اختتام کو پہنچی، پروگرام میں قاری ابو ریحان صاحب ناظم تعلیمات مدرسہ تحفیظ القران حضرت گنج لائن بازار پورنیہ مفتی خالد حبیب صاحب جامعہ صدیقہ دگروا پورنیہ مولانا قربان صاحب،مولانا منظور نعمانی صاحب دارالعلوم پورنیہ وغیرہ وغیرہ موجود تھے