جہد مسلسل اورفکرکی بلندی ادارے کی ترقی کی ضمانت/نائب امیر شریعت

91

امارت ٹیکنیکل انسی ٹیوٹ پھلواری شریف پٹنہ کے ذمہ داران وعملہ سے حضرت نائب امیر شریعت کا خطاب
پھلواری شریف (پریس ریلیز 4؍اگست 2021) امارت شرعیہ ایجوکیشنل اینڈ ویلفئر ٹرسٹ کے زیر انتظام چل رہے مولانا منت اللہ رحمانی ٹیکنیکل انسٹی ٹیوٹ( آئی ٹی آئی)پھلواری شریف پٹنہ کی ایک جائزہ میٹنگ زیر صدارت حضرت مولانا محمد شمشاد رحمانی قاسمی مدظلہ نائب امیر شریعت بہار،اڈیشہ وجھارکھنڈ منعقد ہوئی،جس میں ٹیکنیکل انسٹی ٹیوٹ کے ذمہ داران وعملہ کے ساتھ امارت شرعیہ کے قائم مقام ناظم مولانامحمد شبلی القاسمی، امارت شرعیہ ایجوکیشنل اینڈ ویلفئر ٹرسٹ کے سکریٹری مولانا سہیل احمد ندوی اورنائبین نظمائ مفتی محمد ثنائ الہدی قاسمی اورمفتی محمد سہراب ندوی نے شرکت کی،جائزہ سے محسوس ہواکہ لاک ڈائون کے باوجود ضابطہ کا خیال رکھتے ہوئے تعلیمی سلسلہ بہتر طورپر جاری رکھاگیا اورنئے سال کے داخلہ میں بھی طلبہ کی تعداد لائق قدر اوراطمینان بخش ہے،اساتذہ اورذمہ داران محنت ومستعدی کے ساتھ کاموں میں لگے ہیں،جائزہ کے دوران ذمہ داران واساتذہ حضرات نے جن اہم امور کی طرف توجہ دلائی ان پر فوری کاروائی کرنے کی تجویز منظور ہوئی،امانت کے کورس کی سرکاری طورپر اجازت حاصل کرنے اورالیکٹرونکس کاشارٹ کورس جس میں خاص طورپر موبائل اورلیپ ٹاپ وغیرہ کی ریپیرنگ کی تربیت دی جائے ،اس پہلو پر توجہ دینے کی بات کہی گئی،تعلیم کے ساتھ تربیت کے پہلو کاخاص خیال رکھنے اورہاسٹل میں مقیم طلبہ کی تربیت نگرانی پر خصوصی دھیان رکھنے کی ہدایت حضرت نائب امیر شریعت نے دی ،صدرمحترم حضرت نائب امیر شریعت مدظلہ نے حاضرین کو خطاب کرتے ہوئے انہیں اب تک کی خدمات پر مبارکباد دی اورکہاکہ تاریخ اورتجربات دونوں اس بات کی گواہ ہیں کہ جب بھی کسی ادارہ کو ایسے افراد کار میسر آئے جن کے اندر جہد مسلسل،قوت عمل کا جذبہ اورفکری بلندی کا جوہر موجود ہو،ایسے ادارے کی ترقی کوئی نہیں روک سکتا،یہی وجہ ہے کہ اس ادارہ نے دنیا میں اپنا نام روشن کیاہے۔امارت شرعیہ ٹیکنیکل انسٹی ٹیوٹ پھلواری شریف پٹنہ بھی ایک قدیم ٹیکنیکل ادارہ ہے اور بحمدللہ اس نے اپنے معیاری نظام ،تعلیم وتربیت کی وجہ سے اپنا ایک الگ مقام بنایاہے،لیکن موجودہ مقابلہ جاتی دور میں ضرورت ہے کہ ادارے کے تمام شعبے کو جہد مسلسل اورفکری بلند ی کے ساتھ مزید معیاری اورپرکشش بنایاجائے اوراس کو زیادہ سے زیادہ وسعت وترقی دینے پر توجہ دی جائے،۔اسی طرح تعلیم کے ساتھ تربیت اخلاق کے موضوع کو نظام کا لازمی حصہ سمجھاجائے۔یہی وہ چیزیں ہیں جس سے ادارہ کی شان اوراس کی شناخت دونوں باقی اوربلند رہے گی۔اس موقع پر امارت شرعیہ کے قائم مقام ناظم مولانا محمد شبلی القاسمی صاحب نے اظہارخیال کرتے ہوئے کہاکہ آپ حضرات اب تک جس طرح حوصلہ کے ساتھ ادارہ کی خدمت کررہے ہیں یہ قابل قدر ہے، لیکن ضرورت ہے کہ ادارہ کے نظام کو ہرجہت سے مثالی اورمعیاری بنانے پر مزید غور کریں،ہرمہینہ پابندی کے ساتھ جائزہ میٹنگ رکھیں اورنئے عزم کے ساتھ آگے بڑھیںاور اس میں ایسے ٹریڈس لانے کی کوشش کریں جو موجودہ وقت کی ضرورت ہو۔میٹنگ میں کئی اہم تجویزیں منظور کی گئی اورحضرت نائب امیر شریعت کی دعا پر میٹنگ اختتام پذیر ہوئی۔