جمعیۃ علماء بہار کا انتخابی عمل بحسن وخوبی اختتام پذیر مفتی محمد جاوید اقبال صاحب قاسمی دوبارہ جمعیۃ علماء بہار کے صدر منتخب۔

70

 

پٹنہ ۔پریس ریلیز 2021-09-11

جمعیۃ علماء بہار کا انتخابی اجلاس پٹنہ کے اونڈا میرج ہال میں منعقد ہوا جس میں مرکزسے جمعیۃ علماء ہند کے جنرل سکریٹری جناب مولانا محمد حکیم الدین صاحب قاسمی دامت برکاتہم بحیثیت مشاہد شریک ہوئے ،جناب مولانا محمد مسلم ایاز صاحب صدر جمعیۃ علماء جہاں آباد کی تلاوت قرآن پاک سے اجلاس کی کارروائی باضابطہ شروع ہوئی اور انہوں نے ہی نعت پاک بھی پیش فرمایا،اس کے بعد جمعیۃ علماء بہار کے جنرل سکریٹری جناب مولانا محمد ناظم صاحب نے سکریٹری رپورٹ پیش کیا انہوں نے گزشتہ ٹرم کی جامع کارگزاری پیش کرتے ہوئے کہا کہ جمعیۃ علماء بہار الحمدللہ تمام اضلاع کے ذمہ داران کے حسن تعاون سے بہار میں فعال ہے اس دوران کورونا سے ہوش ربا حالات پیدا ہوئے جس میں جمعیۃ علماء بہار نے ملک وملت کی عظیم خدمات کی، الحمد للہ صوبہ بہار میں تقریباً 27/ضلع میں یونیٹیں قائم ہیں اور بفظلہ تعالیٰ اکثراضلاع کے صدور سکریٹری اور اراکین حضرات بڑی محنت اور جدو جہد سے لوگو ں کو جمعیۃ علماء سے جوڑنے ، اور اپنے اپنے تئیں جمعیۃ علماء کےکام کو آگے بڑھانے کی کوشس کی ہے،اللہ اس جدو جہد کو قبول فرمائے۔تمام اضلاع کے صدور ونظماء اور اراکین سے امید ہے کہ تمام اضلاع کے حضرات اراکین 5 فیصد بھی محنت کریں گے تو انشاءاللہ ہماری صوبہ کی جماعت اول مقام حاصل کرلےگی۔یہ بات یا د رہنی چاہئے کہ جب تک ضلعی صدور نظماء ریاستی ذمہ داروں کو اور ریاستی صدور ونظماءمرکزی ذمہ داروں کو اپنے کاموں کی رپورٹ نہیں پیش کریں گے اس وقت تک نہ ضلعی اراکین کا کام سامنے آئیگا اور نہ صوبائی اراکین کا اسی بنیاد پر مرکزی جمعیۃعلماء کے ذمہ دار برابر زبانی بھی اور تحریری طور پربھی رپورٹ کی فہمائش کرتے رہتے ہیں ،ہم لوگ کاہلی اور سستی کی بنا پر کام کرنے کے باوجود اپنی رپورٹ پیش نہیں کرتے جس کی بنیاد پر صوبہ بہار کے اضلاع اور ریاستی جمعیۃ کاکام کما حقہ سامنے نہیں آپاتا، اللہ تعالیٰ ہم سب کو اپنے اپنے کاموں کی رپورٹ مختصراً پیش کر تے رہنے کی توفیق عطا فرمائے ۔ اس کے بعد مفتی محمد مناظر نعمانی قاسمی ترجمان وسکریٹری جمعیۃ علماء کشن گنج نے جمعیۃ علماء ہند کا تعارف کراتے ہوئے جمعیۃ علماء بہار کے صدر کے لئے مخدوم گرامی حضرت مولانا و مفتی محمد جاوید اقبال صاحب قاسمی کا نام نامی پیش کیا جس پر مجلس منتظمہ جمعیۃ علماء بہار کے تمام ہی اراکین نے باتفاق رائے قبول کرتے ہوئے تائید کیا اس کے بعد نائب صدر کے لئے مختلف علاقوں کی نمائندگی کے لئے 11 علماء و دانشوران کے نام پیش ہوئے جن میں 7 لوگوں نے اپنا نام واپس لے لیا اس طرح باتفاق 4 نائبین صدر میں مولانا قاری شہرت صاحب جہاں آباد،مفتی اطہر القاسمی ارریہ،مولانا احسان صاحب بھاگلپور اور انجینئر آفتاب صاحب پٹنہ کو منتخب کیا گیا اور خازن کے لئے جناب مولانا محمد ذاکر صاحب صدر مدرس جامعہ قاسم العلوم تریپولیہ عالم گنج پٹنہ، منتخب کیا گیا اس کے بعد مشاہد کی حیثیت سے تشریف لائے ہوئے جناب مولانا محمد حکیم الدین صاحب قاسمی جنرل سکریٹری جمعیۃ علماء ہند کی پر مغز گفتگو ہوئی انہوں نےفرمایا کہ آج کی اس اجلاس کا مقصد دعوت نامہ سے ظاہر ہےکہ آج کا یہ اجلاس انتخابی اجلاس ہے آپ حضرات کو بخوبی معلوم ہے کہ جمعیۃ علماء ہند ہندوستانی مسلمانوں کی ایک عظیم اور قدیم جماعت ہے جو سر زمین ہند میں سرمایہ ملت کی نگہبانی اور مسلمانو ں کے حقوق کی پاسبانی ہے ،جمعیۃ علماء ہند نے قومی ،وطنی اور ملی ذمہ داریوں اور احساس فرض کے ساتھ ملک کی آزادی اور قوم وملت کی تعمیر و ترقی کے لئے بیش بہا خدمات انجام دی ہیں ملک کو انگریزوں کے تسلط اور غلامی سے نجات دلانے کےلیے اس جماعت کی مخلصانہ جد وجہد اور بےلوث ایثار وقربانیوں کی سرگذشت کا ایک ایک ورق قومی وملی زندگی کا قابل فخر اوربیش قیمت سرمایہ رہا ہے،اس تاریخی جماعت کا طرئہ امتیاز رہاہے کہ اس کے ضمیر میں قومی یکجہتی اور بقائے باہم کے عنا صرشامل رہےہیں،آزادی سے قبل بھی اور آزادی کے بعد بھی اس نے اشتعال انگیزی اورتخریبی عمل کوپسند نہیں کیااور نہ ہی ایسے عناصر کی حوصلہ افزائی کی ہے بلکہ ہمیشہ جمہور ی قدروں کا لحاظ اور آئین کا احترام کرتے ہوئے تعمیری فکرکی آبیاری کی ہے،ایثار و قربانی اورجہدمسلسل کی جو تابناک تاریخ اور کام کی جو وسیع زمین جمعیۃ کے پاس ہے وہ کسی اور کےپاس نہیں ہے، اس فکری اور عملی تسلسل کو ہمیںاور آپ کو آگے بڑھانا ہے ،اس سے انشاء اللہ تنظیم میں مزید استحکام پیدا ہوگااور لوگوں کی ذہن سازی کے ساتھ جماعتی اثر ورسوخ میں اضافہ بھی ہوگا ۔
نو منتخب اراکین کو مبارکبادی پیش کرتے ہوئے جمعیۃ کے اغراض و مقاصد سے روشناش کرایا اور اراکین مجلس منتظمہ کو رہنمایانہ خطوط اور ہدایات دیں،اس مجلس میں مدعو خصوصی کی حیثیت تشریف لائے ہوئے جناب الحاج اظہار آصفی صاحب ایم ایل اے کوچادھامن کشن گنج،جناب اظہار الحسن صاحب ایم ایل اے کشن گنج ،اور سابق ایم ایل اے کوچادھامن جناب ماسٹر مجاہد عالم صاحب اور ڈاکٹر شوکت صاحب اونڈا میرج ہال نے بھی تاثرات پیش کئے۔ اس موقع پر مولانا رضوان قاسمی مہتمم جامعہ صفہ نیو عظیم آباد و صدر جمعیۃ علماء پٹنہ ، مولانا آصف جمیل قاسمی جنرل سکریٹری جمعیۃ علماء ویشالی ،مولانا اظہار عالم قاسمی جنرل سکریٹری جمعیۃ علماءپٹنہ ،قاری فصیح الدین ،مولانا یوسف قاسمی ،مولانا سالم صاحب پٹنہ ،حافظ محمد یاسر جامعہ قاسم العلوم تریپولیہ عالم گنج پٹنہ، جناب مولانا محمد غیاث الدین صاحب قاسمی صدر جمعیۃ علماء کشن گنج ،مولانا محمد خالد انور صاحب جنرل سکریٹری جمعیۃ علماء کشن گنج ،شہنواز بدر صاحب سہرسہ، مولانا سیف الاسلام قاسمی ،مولانا امان اللہ سپول ،مولانا ابوصالح صاحب مولانا امتیاز صاحب پورنیہ،مولانا عبد الرقیب آزاد ،مولانا آصف بھاگل پور ،مولانا منصور ،مولا نا اعلم شیخ پورہ ،مولانا نہال احمد ،مولانا امان اللہ ،مولانا جمال الدین ، مولانا محمد احمدموتیہاری ،وغیرہم حضرات شریک رہے واضح ہو کہ یہ باتیں حضرت مولانا محمد ناظم صاحب قاسمی نے بتلائی اور مولانا محمد غیاث الدین صاحب قاسمی صدر جمعیۃ علماء کشن گنج کی دعا پر پروگرام اپنے حسن اختتام کو پہونچا۔