جامعہ ملیہ اسلامیہ کے پی جی اور یوجی سالانہ امتحانات شروع

37

دوشفٹوں پر مبنی امتحانات میں تقریبا 3000 امتحان دہندگان کی شرکت، 85 فیصد حاضری درج

 

نئی دہلی _ 22 ستمبر ( پریس ریلیز)جامعہ ملیہ اسلامیہ یونیورسٹی کیمپس میں پی جی اور یو جی کورسز ، فیکلٹی آف ہیومنیٹیز اینڈ لینگویجز اور فیکلٹی آف سوشل سائنسز کی سالانہ امتحان 2020 کا آج آغاز ہوا ۔ 25 اکتوبر 2020 ء تک ہونے والے ان امتحانات میں تقریبا 8 ہزار طلباء شرکت کریں گے۔

 

جامعہ ملیہ اسلامیہ ان طلباء (خصوصا لڑکیوں) کے لئے پرائیویٹ سہولت فراہم کرتی ہے جو مختلف وجوہات کی بناء پر باقاعدہ تعلیم سے محروم رہتے ہیں۔

 

دو شفٹوں میں ہونے والے امتحانات میں آج تقریبا 3000 امتحان دہندگان میں سے 85 فیصد شریک ہوئے۔

 

انجینئرنگ اینڈ ٹکنالوجی ، ہیومینٹیز اینڈ لینگوئجز ، نیچرل سائنس ، سوشل سائنس اور یونیورسٹی پولی ٹیکنک کی فیکلٹی عمارتوں کے 5 امتحانی مراکز میں امتحانات لئے گئے ۔ فیکلٹیوں کے ڈین متعلقہ فیکلٹی کے امتحانی مرکز میں امتحانات کے سوپرٹنڈنٹ تھے۔

 

انچارج امتحانات پی جی اور یو جی (پرائیویٹ) 2020 پروفیسر اقتدار ایم خان نے بتایا کہ این ٹی اے کے ذریعہ منعقد ہونے والے نیٹ اور جے ای ای امتحانات کے دوران تمام کوویڈ 19 پروٹوکول کی پیروی کی گئی تھی۔

 

انہوں نے بتایا کہ امتحان سے ایک روز قبل تمام 5 امتحانی مراکز کی صفائی کرائی گئی تھی ساتھ ہی امیدواروں سے کہا گیا تھا کہ وہ خود پانی کی بوتل اور پاکٹ سائز ہینڈ سینیٹائزر رکھیں۔

 

ماسک اور درجہ حرارت کی جانچ پڑتال کے ساتھ ، سوشل ڈسٹینسنگ کے اصولوں پر عمل کرتے ہوئے امتحانات کے مراکز میں طلباء کو داخل ہونے کی اجازت دی گئی تھی۔ کسی بھی طالب علم کا درجہ حرارت 99.4 ڈگری فارن ہائیٹ نہیں تھا، 99.4 درجہ حرارت رکھنے والے طالب علم کے لئے تنہائی / علیحدہ کمروں کا بھی اہتمام کیا گیا تھا۔ سوشل ڈسٹینسنگ کے اصولوں کے بعد امتحانی ہالوں کے اندر بیٹھنے کے انتظامات بھی کیے گئے تھے۔

 

طلباء کے استقبال کے لئے یونیورسٹی کے مرکزی دروازوں اور امتحانی مراکز پر بینرز لگائے گئے تھے۔ امتحان کی تکمیل پر ، امیدواروں کو منظم انداز میں ، یعنی ایک وقت میں ایک امیدوار کو باہر جانے کی اجازت دی گئی تھی۔